۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ناصر عباس

حوزہ/ بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جس آزادی کے حصول کیلئے برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جان و مال اور عزت کی قربانی دی ہے، آج اسے بیرونی دباؤ اور داخلی و خارجی معاملات میں مداخلت کرکے سلب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 144 ویں یوم پیدائش کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کے اصولوں پر قائم رہنے کے لیے تجدید عہد کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہیں تھی۔ بانی پاکستان نے قیام پاکستان کے لیے جن بنیادوں پر جدوجہد کی، انہیں فراموش کیا جا رہا ہے۔

محمد علی جناح نے اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرکے اپنی قوم کو باوقار زندگی بسر کرنے کا عظیم درس دیا ہے۔ جس آزادی کے حصول کے لیے برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جان و مال اور عزت کی قربانی دی ہے، آج اسے بیرونی دباؤ اور داخلی و خارجی معاملات میں مداخلت کرکے سلب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک آزاد و خود مختار ریاست کے فیصلے بھی آزاد رہ کر کیے جانے چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ارض پاک کا استحکام قائد کے فرمودات پر عمل کے بغیر ممکن نہیں۔ جب تک بانی پاکستان کے زریں اور رہنماء اصولوں کو اپنے اوپر لاگو نہیں کیا جاتا تب تک کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ استعماری و طاغوتی قوتیں صورتیں بدل بدل کر ملک و قوم کی سلامتی و امن کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ تاریخ شاہد ہے کہ مقتدر قوتوں کے غیر دانشمندانہ فیصلے ملک و قوم کی سالمیت و بقاء کو داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ عالمی تعلقات کے حوالے سے بانی پاکستان کا دوٹوک موقف ناقابل تردید حقیقت ہے۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے قائداعظم کا فرمان ہر پاکستانی کے دل و دماغ پر نقش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو مسلم ممالک یہود و نصاریٰ سے دوستی کو اہم سمجھتے ہیں، ان کے پیش نظر تجارتی مقاصد اور غیر معمولی مفادات کا حصول ہے۔ لیکن ہمارے نزدیک اللہ تعالیٰ کے حکم اور قائداعظم کے فرمان کی اہمیت سب سے بڑھ کر ہے۔

ہم نے پاکستان اور قائد کے اصولوں کا ہر پلیٹ فارم پر دفاع کرنا ہے۔ انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .